Tuesday, January 31, 2023

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کا پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبال

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کا پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبال
اسلام آباد (92 نیوز) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان بارہ سال بعد پاکستان پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات  کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گیا۔ متحدہ عرب امارات کے  ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان  کا پاکستان پہنچنے پر تاریخی اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کابینہ ارکان کے ہمراہ خود معزز مہمان کے استقبال کیلئے نور خان ایئر بیس پر موجود تھے۔   وزیراعظم عمران خان  ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی گاڑی خود ڈرائیو کرتے ہوئے نور خان ایئر بیس سے روانہ ہو ئے۔ شیخ محمد بن زین النہان  وزیراعظم کے ہمراہ فرنٹ سیٹ پر موجود تھے۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ شیخ محمد بن زید النہیان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ جے ایف 17 تھنڈر نے فضاؤں میں  معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔     وزیراعظم عمران خان نے شیخ  محمد بن زید النہیان سے اپنی کابینہ کا فرداً فرداً تعارف کرایا۔ وزیراعظم  کافی خوش دکھائی دے رہے تھے اور وقتاً فوقتاً اماراتی مہمان سے بات چیت کرتے بھی دکھائی دیئے۔