Saturday, November 27, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

مبینہ آڈیو ٹیپ کے جملے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف چارج شیٹ ہیں، مریم نواز

مبینہ آڈیو ٹیپ کے جملے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف چارج شیٹ ہیں، مریم نواز
November 24, 2021 --- ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے مبینہ آڈیو ٹیپ کے جملے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف چارج شیٹ ہیں۔

مریم نواز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا آڈیو ٹیپ منظر عام پر آتے ہی پراپیگنڈہ شروع ہو گیا۔ آڈیو ٹیپ کی فرانزک امریکا سے کرائی گئی۔ آڈیو ٹیپ کو جھوٹ ثابت کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ ویڈیو جھوٹی ہے تو بتائیں نوازشریف اور مریم کو سزا کے جملے کس تقریر سے لئے گئے۔ ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ قوم کو بتانا پڑے گا۔ ابھی بھی وقت ہے جرات کریں اور بتائیں کس نے آپکو مجبور کیا کہ نوازشریف کو سزا دیں اور کس نے کہا کہ عمران خان کو لانا ہے۔ اگر تین جملے ثاقب نثار کی آواز ہیں تو دوسرے کیوں نہیں۔

مریم نواز نے کہا شوکت صدیقی کی گواہی کے بعد ارشد ملک کی ویڈیو سامنے آئی۔ ارشد ملک کی ویڈیو پوری دنیا کے سامنے ہے۔ ارشد ملک کو بھی سزا دے دی گئی۔ کسی میں ہمت نہیں ہوئی وہ آگے بڑھے اور نوازشریف کو انصاف دے۔ جی بی کے چیف جج کا بیان حلفی سامنے آیا ہے ۔ چیف جج جی بی کے سامنے ثاقب نثار نے کہا ان کو ضمانت نہیں دینی۔ شوکت عزیز صدیقی کو بلایا جائے ،ان سے پوچھا جائے۔

نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز بولیں ثاقب نثار نے نوازشریف کو تا حیات نا اہل کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ آج بھی ثبوت مانگ رہی ہے۔ رانا ثنا اللہ کا تو کلاسیک کیس ہے ۔ حنیف عباسی کو تو الیکشن سے پہلے جیل میں ڈال دیا۔ سینیٹ کے الیکشن میں ہمارے سینیٹرز سے شیر کا نشان بھی چھین لیا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔ یہ پوری قوم کا مسئلہ ہے ۔ ہمارے وقت میں تو بڑے سو موٹو لئے جاتے تھے۔ میں چاہتی ہوں عدالت از خود اس دھبے کو دھوئے۔