Saturday, October 1, 2022

ماڈل ایان علی کیس : کسٹم حکام نے 10گواہان کو عدالت پیش کر دیا

ماڈل ایان علی کیس : کسٹم حکام نے 10گواہان کو عدالت پیش کر دیا
راولپنڈی(92نیوز)ماڈل ایان علی کیس میں کسٹم حکام کی جانب سے دس گواہوں کو عدالت میں پیش کردیا گیا،آئندہ سماعت پر گواہوں کے بیان قلمبند ہونگے،جس پر مزید کارروائی ہوگی،جبکہ ایان علی کی جانب سے فرد جرم کے حکم کو بھی ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق ماڈل ایان علی کے خلاف کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے کیس کی سماعت کی سماعت کے دوران ماڈل ایان علی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ کسٹم پراسیکیوٹر کی جانب  سے عدالت میں کیس کے دس گواہان بھی عدالت میں پیش کیے گئے،سماعت کے دوران  ملزمہ کی وکیل شائستہ وہاب نے بتایا کہ سینئر وکلاء ہائی کورٹ بار کے الیکشن کے حوالے مصروف ہیں جبکہ عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے ہائی کورٹ میں فیصلے کو چیلنج کردیا ہے لہذا کیس کی سماعت  21 دسمبر تک ملتوی کی جائے،جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ بار الیکشن مہم کے ساتھ ساتھ پروفیشنل کام پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ ایان علی کے وکلاء کی جانب سے جائے وقوعہ کا نقشہ طلب کرنے کی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی نقطہ نظر سے ائیر پورٹ کا نقشہ پیش کرنا مناسب نہیں جبکہ کسٹم کے پراسیکیوٹر امین فروش کی جانب سے دس گواہان کوعدالت پیش کیا گیا۔ پراسیکیوٹر امین فروش کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کی درخواست 20 اپریل سے زیر سماعت ہےجس پر عدالت نے تمام گواہوں کے بیان قلمبند کرنے کے لیے اور منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت دائر درخواست کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی  جبکہ دوسری جانب ماڈل ایان علی کانام ای سی ایل میں شامل کرلیا گیا ماڈل کا بیرون ملک جانے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔