Monday, October 3, 2022

مانچسٹر اور لیڈز میں موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کے باعث متعدد علاقے زیر آب

مانچسٹر اور لیڈز میں موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کے باعث متعدد علاقے زیر آب
 لندن (92 نیوز) برطانیہ میں شدید بارشوں نے نظام زندگی تہس نہس کر دیا۔ مانچسٹر اور لیڈز میں موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔ یوں تو بارشوں سے گرمی کا زور کم ہوجاتا ہے لیکن یہی بارش اگر طوفان کی صورتحال اختیار کرجائے تو تباہی مچا دیتی ہے۔ مانچسٹر اور لیڈز سمیت شمالی برطانیہ کے مختلف شہروں میں بھی گذشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ سیلابی ریلے کی وجہ سے کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ سڑکوں اور متعدد عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ موسم کی خراب صورتحال کے باعث پروازیں اور ٹرینوں کی آمدورفت بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ بارش کے باعث بہت سارے گھر اور کاروباری مراکز پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم بورسن جانسن نے بارش سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں میں حصہ بھی لیا۔ برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے دوبارہ سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات پر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔