Saturday, February 4, 2023

مافیا کے سامنے نہیں جھکوں گا،شیخ رشید کیلئے وزارت چھوڑنے پر خوشی ہوگی، فواد چودھری

مافیا کے سامنے نہیں جھکوں گا،شیخ رشید کیلئے وزارت چھوڑنے پر خوشی ہوگی، فواد چودھری
اسلام آباد ( 92 نیوز ) شیخ رشید کی مذاق میں کی گئی  گفتگو نے سیاسی سطح پر ہلچل مچا دی ۔ شیخ رشید نے مذاق میں کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے وزارت اطلاعات سنبھالنے کو کہا جائے تو کہوں گا ،تھینک یو ، لو یو ، ویری مچ  مگر اس گفتگو کے فوری بعد  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ  وہ  شیخ رشید کے لئے وزارت چھوڑنے کو تیار ہیں۔ شیخ رشید نے بیان کی تردید کردی ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی جس میں وزارت اطلاعات کے حوالے سے گفتگو ہوئی ، صحافی نے سوال کیا کہ اگر وزیراعظم کی طرف سے وزارت اطلاعات سنبھالنے کو کہا جائے تو کیا جواب دیں گے جس پر شیخ رشید نےمذاق میں کہا کہ وہ کہیں گے تھینک یو لو یو ویری مچ۔ شیخ رشید کا بیان سامنے آیا تو سیاسی سطح پر ہلچل مچ گئی ، دیار غیر میں بیٹھے وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ٹویٹ کے ذریعے ردعمل دیا اور لکھا کہ شیخ رشید کے لئے  اپنی وزارت چھوڑنے کو تیار ہیں۔ ہم سب عوام کی جانب سے دی گئی اعتماد کی طاقت کے باعث اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور اس بات کا فیصلہ صرف وزیر اعظم کرسکتے ہیں کہ کون کس کام کیلئے بہتر ہے۔ معاملہ میڈیا کی زینت بنا تو شیخ رشید کی وضاحت بھی آگئی  کہنے لگے کہ فواد چودھری بھائی ہیں ، دنیا ادھر سے ادھر ہو سکتی مگر فواد چودھری کے خلاف کسی سازش میں شریک نہیں ہو سکتا ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہ وزیراطلاعات بننے کا شوق ہے اور نہ بنوں گا،بات مذاق میں کہی ۔