ماضی کی معروف ٹی وی اداکارہ بیگم خورشید شاہد انتقال کر گئیں
لاہور (92 نیوز) ماضی کی معروف صداکار اور ٹی وی اداکارہ بیگم خورشید شاہد لاہور میں انتقال کر گئیں۔
وہ اداکار سلمان شاہد کی والدہ تھیں جو حرکت قلب بند ہونے کے باعث جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ ڈیفنس لاہور میں ادا کی گئی جس میں اہلخانہ، شوبز شخصیات اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔
بیگم خورشید شاہد نے صرف نو سال کی عمر میں آل انڈیا ریڈیو دہلی سے اپنے فنی کرئیر کا آغاز کیا۔ بعد میں ٹیلی ویژن میں بھی فن کے جوہر دکھائے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں فہمیدہ کی کہانی استانی راحت کی زبانی سرفہرست ہے۔
مرحومہ کے انتقال پر وزیر اعلی پنجاب نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بیگم خورشید شاہد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دیگر سیاسی شخصیات اور شوبز حلقوں کی جانب سے مرحومہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔