Friday, September 20, 2024

موسم بہار کی آمد کیساتھ ہی پانی بھرے بادلوں نے پاکستان کا رخ کرلیا

موسم بہار کی آمد کیساتھ ہی پانی بھرے بادلوں نے پاکستان کا رخ کرلیا
March 2, 2016
لاہور (92نیوز) مارچ شروع ہوتے ہی بادلوں کا پاکستان کی طرف مارچ۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش۔ آج اور کل اندرون سندھ‘ جمعہ اور ہفتہ کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں رم جھم ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے جنوبی علاقوں سے بارش برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل ہو گیا۔ بلوچستان کے بیشتر شہروں میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ سکھر‘ لاڑکانہ اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں بھی تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ rain11   کوئٹہ میں آسمان سے آج بوندیں گریں تو شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور وہ بھیگے موسم سے لطف اٹھاتے رہے۔ قلات‘ مکران‘ ژوب اور نصیرآباد ڈویژن میں چوبیس گھنٹے کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستا ن میں بارش کا نیا سسٹم جمعرات تک رہے گا۔ اس دوران بیشتر شہروں میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ سکھراور لاڑکانہ ڈویژن میں بدھ اور جمعرات کو موسم مہربان ہو گا جبکہ جمعہ اور ہفتے کو بارش برسانے والے بادل پنجاب اور خیبرپختونخوا میں داخل ہوں گے جس کے باعث یہاں تیز ہوا کے ساتھ تیز بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں کہیں بارش اور برف باری کا بھی امکان ہے۔