مائیکروسافٹ اور گوگل نے صلح کر لی
نیویارک (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا کی دو بڑی کمپنیاں مائیکروسافٹ اور گوگل اپنی مصنوعات کے جملہ حقوق پرگزشتہ پانچ سال سے جاری لڑائی ختم کرنے پر متفق ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ان پانچ برسوں میں دونوں نے ایک دوسرے پر کئی مقدمات بنا رکھے تھے جن میں قانونی چارہ جوئی کے 18 مقدمات ایسے ہیں جو اب بھی تصفیہ طلب ہیں۔
جملہ حقوق کے ان اٹھارہ مقدمات کا تعلق موبائل فونز میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی، وائی فائی اور کئی دیگر معاملات سے ہے۔ دونوں کمپنیوں کے درمیان طے پائے جانے والے تصفیے کی تفصیلات کو عام نہیں کیا گیا ہے تاہم ایک مشترکہ بیان میں دونوں کا کہنا تھا کہ وہ جملہ حقوق کے کچھ معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برسوں میں نئی ٹیکنالوجی خاص طور پر سافٹ ویئر کے جملہ حقوق پر دونوں کمپنیوں کی کاروباری لڑائیوں میں خاصا اضافہ ہوگیا تھا اور دونوں کی کوشش تھی کہ وہ اپنے اپنے سافٹ ویئر سے زیادہ سے زیادہ منافع کما سکیں۔