مائنس زرداری فارمولا !!! پیپلزپارٹی نے انتخابی مہم کے دوران آصف زرداری کی تصویر ہٹائے رکھی
لاہور (92نیوز) لاہور اور اوکاڑہ میں بڑے مقابلے ہو رہے ہیں۔ ایسے میں آصف علی زرداری نہیں تو ان کا نام و نشان بھی نہیں۔ پیپلز پارٹی کے بینرز، پوسٹرز اور سائن بورڈز تو لگے ہیں لیکن کسی پر نہ تو زرداری کی تصویر ہے اور نہ ہی نام۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کا حلقہ این اے ایک سو بائیس ہو اوکاڑہ کا جلسہ این اے ایک سو چوالیس تمام سیاسی جماعتیں ضمنی انتخابات کے معرکے جیتنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگارہی ہیں۔ کہیں عمران خان کی گھن گرج نظر آرہی ہے تو کہیں ن لیگ کے وزراءکارکنوں کا جوش بڑھانے کیلئے دھاڑتے نظر آتے ہیں۔
ایسے میں پیپلز پارٹی نے بھی اپنے جیالوں کو اکٹھا کیا اور ایک بڑا جلسہ کرڈالا جس میں پارٹی کی تقریباً تمام ہی اعلیٰ قیادت دکھائی دی۔ ایسے میں اگر کسی شے کی کمی محسوس ہوئی تو وہ تھے شریک چیئرمین آصف علی زرداری۔ جلسوں میں وہ خود نہیں آئے تو جیالوں نے اس عمل کو سکیورٹی خدشات کے کھاتے میں ڈال دیا مگر جلسہ گاہ میں ان کی ایک بھی تصویر نظر نہیں آئی۔
اب جیالے ششدر ہیں کہ یہ کیا ماجرا ہے۔ آصف زرداری کی تصاویر کو جلسے میں کیوں آویزاں نہیں کیا گیا۔ کیا کوئی مائنس ون فارمولا چل رہا ہے اور اگر ہے تو پیپلز پارٹی مائنس آصف علی زرداری کا مطلب کیا ہوسکتا ہے۔ کارکن بھی پریشان ہیں کہ پارٹی کی باگ ڈور اور تیر کی کمان کس کے ہاتھ میں ہے۔