Thursday, September 29, 2022

لیگل ایڈ سوسائٹی کے زیرِاہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں آگاہی پروگرام کا انعقاد

لیگل ایڈ سوسائٹی کے زیرِاہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں آگاہی پروگرام کا انعقاد
December 19, 2021 ویب ڈیسک

عوام الناس کو قانونی چارہ جوئی سے متعلق پروسس پر رہنمائی، کمیونٹی لیڈرز کی شرکت

آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریسولیوشن (اے ڈی آر) سے مسائل کا قانونی حل بروقت اور آسان

کراچی : سینئر تجزیہ کار (کاشف شمیم صدیقی) لیگل ایڈ سوسائٹی کے زیرِاہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں شہرِقائد کے مختلف علاقوں کے کمیونٹی لیڈرز نے شرکت کی۔

پروگرام کا بنیادی مقصد عوامی نمائندگان کے ذریعے عوام تک آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریسولیوشن جیسے اہم ترین مکینزم پر رہنمائی فراہم کرنا تھا،  واضح رہے کہ اے،ڈی،آر کے تحت عوام اپنے مسائل کا آسان اور بر وقت قانونی حل حاصل کر سکتے ہیں۔ 

لیگل ایڈ سوسائٹی کی جانب سے پروگرام مینیجر عباس علی نے میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرتی نظام میں لوگ جلد اور سستے انصاف کے حصول کے لیے کوشاں رہتے ہیں، کورٹس پر کیسز کے دباؤ کے پیشِ نظر مشکلات درپیش آتی ہیں، ایسی صورت میں اُن طریقوں پر عمل کیا جانا ضروری ہے جو ان مشکلات کے خاتمے میں معاون ثابت ہوں، آج کے منعقدہ پروگرام کی بابت ہم نے کوشش کی ہے کہ کمیونٹی لیڈرز کو  آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریسولیوشن کے ضمن  میں رہنمائی فراہم کی جائے اور اُن تمام طریقوں پر کمیونٹی لیڈرز کو آگاہ کیا جائے کہ جنکی بابت وہ اپنے مسائل کا  آسان اور بروقت قانونی حل حاصل کرسکیں گے۔

عباس علی نے بتایا کہ لیگل ایڈ سوسائٹی عوام کو اُنکے مسائل کے حل کے سلسلے میں مفت قانونی مشاورت اور معاونت کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، روزانہ ایک لاکھ " میسجز" کی ترسیل مثبت اثرات قائم کر رہی ہے، سندھ کے آٹھ اضلاع میں موجود دفاتر وسیع تر عوامی مفاد میں مستعدی سے کام کر رہے ہیں، قانونی ماہرین کی ٹیم عوام کی جانب سے کیے جانے والے ٹیلیفونک رابطوں پر اُنکی مکمل رہنمائی کرتی ہے،  سوسائٹی مختلف پروجیکٹس اور پروگرامز کے ذریعے کمیونٹیز کی معاونت میں ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے۔

پروگرام کے آخر میں لیگل ایڈ سوسائٹی سے وابستہ ارکان نے کمیونٹی لیڈرز کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے جوابات دئیے۔