Saturday, July 27, 2024

لیجنڈ ہالی وڈ اداکارہ میرل سٹریپ کی ایک بار پھر امریکی صدرپر کڑی تنقید

لیجنڈ ہالی وڈ اداکارہ میرل سٹریپ کی ایک بار پھر امریکی صدرپر کڑی تنقید
February 16, 2017

لاس اینجلس (ویب ڈیسک) ہالی وڈ کی لیجنڈ اداکارہ میرل سٹریپ نے ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کھری کھری سنادیں۔ کہتی ہیں امریکہ کی موجودہ غیریقینی صورتحال کے ذمہ دار ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔

واشنگٹن میں انسانی حقوق کمپین کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میرل سٹریپ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے امریکیوں کو باور کرا دیا کہ ان کی آزادی خطرے میں پڑ چکی ہے۔ میرل سٹریپ کا کہنا تھا کہ امریکی عوام آزاد پیدا ہوئے ہیں اور انہیں کوئی بھی اپنے خیالات اور نظریات کے جال میں قید نہیں کرسکتا۔

میرل سٹریپ کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں اپنے اردگرد ایٹمی جنگ کا خطرہ منڈلاتا ہوا نظر آتا ہے تو یہ بھی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے طفیل ہے۔ اگر اختیارات ایک خودپسند شخص کے ہاتھ میں آجائیں تو لوگوں کی تمنائیں، انسانی حقوق اور ملکی آئین دائو پر لگ جاتا ہے۔

میرل سٹریپ کا کہنا تھا کہ ٹویٹر کے ذریعے میڈیا اور تمام مفروضہ دشمنوں کی تضحیک کرنا اور ان پر طنز کے کوڑے برسانا سب اس دور میں ہورہا ہے۔ میرل سٹریپ کے مطابق انسانی حقوق کا تحفظ اور مذہبی آزادی امریکیوں کا  بنیادی حق ہے جن سے ٹرمپ انہیں محروم کرنا چاہتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے لوگوں کو بیوقوف سمجھنا بند کردیں۔