لگتا ہے ارسا وفاقی حکومت کے دباؤ میں ہے، مرادعلی شاہ
کشمور (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ لگتا ہے ارسا وفاقی حکومت کے دبائو میں ہے، وفاق چاہتا ہے سندھ کے لوگوں کو تکلیف دی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ارسا پر ایک بارپھر اعتراض اٹھا دیا، کہا ارسا ٹھیک طریقے سے کام نہیں کررہا۔ لگتا ہے ارسا پر وفاقی حکومت کا پریشر ہے۔
بولے وفاق چاہتا ہے سندھ کے لوگوں کو تکلیف دی جائے، پانی کی قلت ہے تو اس قلت کو چار حصوں میں تقسیم کیا جائے۔
کشمور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا وفاق ہمیں خیرات میں پیسے نہیں دیتا۔ 760 ارب دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اب تک سندھ کو صرف 654 ارب مل سکے ہیں۔ ہمیں نہیں لگتا 106 ارب تیس جون تک ہمیں ملیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا وفاق ٹھیک طرح کام نہیں کرتا جس کا نقصان صوبے بھگتتے ہیں۔ وزیر اعظم چوتھا فنانس منسٹر لائے ہیں اور سنا ہے اس سے بھی خوش نہیں ہیں۔