Thursday, September 19, 2024

لڑکیاں ہر کھیل میں پاکستان کی نمائندگی کریں : ایشین پاورلفٹنگ چیمپئن ٹوئنکل سہیل

لڑکیاں ہر کھیل میں پاکستان کی نمائندگی کریں : ایشین پاورلفٹنگ چیمپئن ٹوئنکل سہیل
October 7, 2015
لاہور (92نیوز) عمان میں ہونیوالی ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کی فاتح ٹوئنکل سہیل نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو ہر گیم میں سامنے آنا چاہئے‘ حکومت خواتین کو نوکریاں دے۔ تفصیلات کے مطابق پاور لفٹنگ چیمپئن بن کر پاکستان کے سینے پر تمغہ سجانے والی ٹوئنکل سہیل 92نیوز کی مہمان بنیں۔ ٹوئنکل سہیل نے کہا کہ پاور لفٹنگ کی ایشین چیمپئن ہونا بہت بڑی بات ہے جس پر بہت خوشی ہوئی۔ ٹوئنکل سہیل نے کہا کہ بہت سی لڑکیاں گھر سے باہر نہیں آتیں‘ حکومت لڑکیوں کو نوکریاں فراہم کرے تاکہ وہ بھی مردوں کے برابر کام کر سکیں۔ ٹوئنکل سہیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ پاکستان کے لئے ویٹ اٹھایا اور چیمپئن بنیں۔ فٹنس کے لئے سبزی، چکن، انڈہ سب چیزیں کھاتی ہیں۔ ٹریننگ کے بعد ملک شیک اور جوس وغیرہ پینا ہوتا ہے۔ ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن ٹوئنکل سہیل نے کہا کہ وہ کبڈی بھی کھیلتی ہیں اور دوہزار پندرہ کے کبڈی ورلڈ کپ میں کھیل چکی ہیں۔ پاور لفٹر اور کبڈی کھلاڑی ہونے کی وجہ سے گھر میں تھوڑا رعب رہتا ہے۔