Monday, November 29, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

لٹل ماسٹر حنیف محمد دارفانی سے کوچ کر گئے ... اک عہد تمام ہوا

لٹل ماسٹر حنیف محمد دارفانی سے کوچ کر گئے ... اک عہد تمام ہوا
August 11, 2016
کراچی (92نیوز) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی بلے باز اور سابق کپتان حنیف محمد طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ لٹل ماسٹر حنیف محمد پھیپھڑوں کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کی عمر 81 برس تھی۔ اسپتال ذرائع اور ان کے اہل خانہ نے حنیف محمد کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مایہ ناز پاکستانی بلے باز حنیف محمد دارفانی سے کوچ کر گئے ہیں۔ آج سہ پہر ان کی موت کی افواہ جنگل کی آگ کی طرح پھیلی تھی مگر تھوڑی دیر بعد ان کے اہل خانہ اور اسپتال ذرائع نے اس بات کی نفی کی۔ لٹل ماسٹر کے بیٹے شعیب محمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ان کی دھڑکن چھ منٹ کیلئے رک گئی تھی تو بعدازاں دوبارہ بحال ہو گئی۔ مگر اب ان کے انتقال کی باقاعدہ تصدیق ہو گئی ہے۔ لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد صرف ایک کرکٹر ہی نہیں تھے بلکہ ایک عہد کا نام تھے۔ جن کے درخشندہ کارناموں سے دنیائے کرکٹ ہمیشہ جگمگاتی رہے گی۔ حنیف محمد 21 دسمبر 1934ءکو بھارتی ریاست جوناگڑھ میں پیدا ہوئے تھے۔ صادق محمد کے علاوہ ان کے بھائی وزیر محمد‘ صادق محمد‘ رئیس محمد اور ان کے بیٹے شعیب محمد بھی ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔ انہوں نے 16 اکتوبر 1952ءمیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پہلے ٹیسٹ میچ سے اپنا ڈیبیو کیا۔ وہ 17 سال اور 300 دن کی عمر میں اسوقت ٹیسٹ کرکٹ کے کم عمرترین کھلاڑی تھے۔ بھارت کے خلاف فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم دہلی میں کھیلے جانے والے اس ٹیسٹ میں حنیف محمد نے پاکستان کی پہلی نصف سنچری بنائی۔ اسی دورے میں نوجوان بلے باز کی وکٹ پرثابت قدمی دیکھ کر اس وقت کے مشہور کمنٹیٹرز ڈاکٹر وجے آنند اور طالع یار خان نے انہیں ”لٹل ماسٹر“ کا خطاب دیا جو زندگی بھر ان کے نام سے جڑا رہا۔ لٹل ماسٹر کا 17 سالہ کیریئر کئی ریکارڈز سے مزین تھا۔ حنیف محمد نے 1958ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی طویل ترین اننگز کھیلنے کا ناقابل تسخیر ریکارڈ بنایا۔ وہ کنگسٹن اوول گراونڈ بارباڈوس میں 970 منٹ تک چٹان کی طرح جمے رہے اور 26 چوکوں کی مدد سے 337 رنز بنائے۔ اسی اننگز کے دوران انہوں نے اپنے ایک ہزار رنز مکمل کیے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بنے۔ حنیف محمد نے 1958ءمیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں 499 رنر بناکر سرڈان بریڈ مین کا 452 رنز کا ریکارڈ توڑا جسے 35 برس بعد ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے 501 رنز بنا کر تسخیر کرلیا۔ حنیف محمد کو پاکستان کی جانب سے سست ترین اننگز کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے1954ءمیں لارڈز کرکٹ گراو¿نڈز میں انگلینڈ کے خلاف 223 گیندیں کھیل کر صرف 20 رنز بنائے۔ وہ 1964ءسے 1967ءتک قومی ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ انہوں نے 55 ٹیسٹ میچز میں 12 سیکڑوں کی مدد سے 43 اعشاریہ نو آٹھ کی اوسط سے 3915 رنز بنائے۔ فرسٹ کلاس کیریئر کے 238 میچز میں لٹل ماسٹر نے 17 ہزار انسٹھ رنز 52 اعشاریہ تین دو کی اوسط سے بنائے۔ ان میں 55 سنچریاں اور 66 ففٹیاں شامل تھیں۔ حنیف محمد رائٹ آرم آف بریک بالنگ بھی کرتے تھے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک جبکہ فرسٹ کلاس میں 53بلے بازوں کو شکار کیا۔ حنیف محمد پانچ بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھے۔ ان کے بڑے بھائی وزیر محمد، رئیس محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد بھی کرکٹر تھے اور محمد برادران کہلاتے تھے جبکہ ان کے صاحبزادے شعیب محمد نے بھی ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔