Saturday, July 27, 2024

چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے مزاحیہ اداکار مستانہ کی آج پانچویں برسی

چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے مزاحیہ اداکار مستانہ کی آج پانچویں برسی
April 11, 2016
لاہور (92نیوز) چالیس سال تک سٹیج اور ٹی وی ڈراموں میں بے شمار لازوال کردارادا کرنے والے منفرد لہجے کے حامل اداکار مستانہ کو اپنے مداحوں سے بچھڑے پانچ برس بیت گئے۔ تفصیلات کے مطابق 1955ءمیں گوجرنوالہ میں آنکھ کھولنے والے مرتضیٰ حسن المعروف مستانہ نے اپنے چالیس سالہ فنی کیرئیر میں دو ہزار کے قریب سٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ پی ٹی وی ڈرامے ”شب دیگ“ میں ان کے کردار ”انکل کیوں“ کو خوب شہرت ملی۔ سٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ امان اللہ، سہیل احمد، ببوبرال، البیلا، خالد عباس ڈار، عمر شریف اور قوی خان جیسے قد آور آرٹسٹوں کے درمیان اپنی الگ شناخت بنائی اور بھر پور انداز میں اپنے فن کو منوایا۔ مستانہ کے دلفریب لہجے اور مکالمہ بولنے کے انداز کو شائقین سٹیج نے بہت پسند کیا۔ امان اللہ، سہیل احمد ببوبرال اور طارق ٹیڈی کے ساتھ ان کی جوڑی کو بہت پسند کیا گیا۔ ورسٹائل اور لاجواب اداکاری کے جوہر دکھانے والے مستانہ نے جو بھی کردار کیا وہ امر ہوگیا۔ اداکار مستانہ اچانک سٹیج کی دنیا چھوڑ کر بہاولپور شفٹ ہو گئے۔ ہیپاٹائٹس سی کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد کچھ عرصہ علیل رہے۔ہر فن مولا فنکار نے اپنے آخری ایام انتہائی کسمپرسی میں گزارے اور بالآخر 11 اپریل 2011ءکو خالق حقیقی سے جاملے۔