Friday, December 2, 2022

لوئراورکزئی ایجنسی کے کلایا بازار میں بم دھماکا ، 33 افراد جاں بحق

لوئراورکزئی ایجنسی کے کلایا بازار میں بم دھماکا ،  33 افراد جاں بحق
پشاور (92 نیوز) لوئراورکزئی ایجنسی کے کلایا بازار میں ریموٹ کنٹرول موٹرسائیکل بم دھماکا ہوا جس میں 33 افراد جاں بحق جبکہ 56 زخمی ہوئے۔ قبائلی ضلع لوئر اورکزئی کا علاقہ کلایہ اس وقت زوردار دھماکے سے لرز اٹھا جب کلایہ بازار منڈی میں غیرملکی امدادی ادارے کی جانب سے زرعی مصنوعات تقسیم کی جارہی تھیں۔ موٹرسائیکل بم دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد کلایا بازار انسانی خون سے رنگین ہو گیا۔ سیکیورٹی فورسز،خاصہ دار فورس اور مقامی انتظامیہ نے امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔ ایجنسی سرجن کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کے 33 جاں بحق اور 56 زخمی کلایہ اسپتال لائےگئے۔ بیشتر زخمیوں کو کوہاٹ ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز اور لیویزفورس  نے دھماکے کے مقام سے شواہد جمع کئے اور انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلٰی محمودخان نے دھماکے کی شدید مذمت اور زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔