Saturday, July 27, 2024

لندن کا میئر پاکستانی نژاد ڈرائیور کا بیٹا یا سونے کا تاجر ؟ اعصاب شکن مقابلہ جاری

لندن کا میئر پاکستانی نژاد ڈرائیور کا بیٹا یا سونے کا تاجر ؟ اعصاب شکن مقابلہ جاری
May 5, 2016
لندن (ویب ڈیسک) لندن کی میئرشپ کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ شہری لندن اسمبلی کی پچیس نشستوں کے لیے بھی ممبران کا چناو کریں گے۔ پاکستانی نژاد صادق خان اور جمائما کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے اہم ترین شہر لندن کا مئیر ڈرائیور کا بیٹا ہو گا یا پھر سونے کا تاجر۔ عوام اپنا فیصلہ آج سنا دینگے۔ پاکستانی وقت کے مطابق پولنگ کا عمل صبح گیارہ بجے شروع ہوا جو رات دو بجے تک جاری رہے گا۔ لندن کی مئیر شپ کے مضبوط ترین امیدوار صادق خان نے اہلیہ کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کیا۔ لیبرپارٹی کے رہنما جیرمی کوربن نے بھی صبح سویرے ووٹ کاسٹ کیا اور پاکستانی نژاد صادق خان کی کامیابی کے عزم کا اظہار کیا۔ لندن کے موجودہ مئیر بورس جانسن، مئیرشپ کے امیدوار زیک گولڈ اسمتھ اور برطانوی وزیراعظم نے بھی صبح سویرے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا اور ووٹ کاسٹ کئے۔ سروے کے مطابق صادق خان کوفیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔