Saturday, July 27, 2024

لبیک اللھم لبیک .... پاکستانی عازمین حج کو لیکر پروازیں حجاز مقدس روانہ

لبیک اللھم لبیک .... پاکستانی عازمین حج کو لیکر پروازیں حجاز مقدس روانہ
August 4, 2016
اسلام آباد / لاہور / کراچی (92نیوز) عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اسلام آباد سے قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز تین سو اٹھائیس عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی جبکہ کراچی سے نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے تین سو بیس عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سعادت کا سفر شروع ہو گیا ہے۔ اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے ٹو فائیو زیروتھری تین سو اٹھائیس عازمین کو لےکر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر حج آپریشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمین حج کی تربیت اور سہولت کیلئے بہتراقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استطاعت سے بڑھ کر عازمین کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ دوسری طرف کراچی سے نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے تین سو بیس عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوئے۔ حج آپریشن میں پی آئی اے کے ذریعے 51 ہزار اور نجی ائیر لائنز کے ذریعے 53ہزار عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔ چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے حج انتظامات سے متعلق اجلاس میں تمام شعبہ جات کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ عازمین کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے نجی ائیرلائن کی پہلی پرواز کے ذریعے دو سو بیس عازمین حجاز مقدس روانہ ہوئے۔ اس عظیم سفر پر روانگی سے قبل حج ٹرمینل پر عازمین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو‘ دل میں خانہ کعبہ اور روضہ رسول ﷺ دیکھنے کی حسرت خوب دکھائی دی۔ عازمین حجاج کوالوداع کرنے کے لیے آنے والے عزیز و اقارب نے اپنے پیاروں سے دعاوں کی اپیل کرنے کے ساتھ ساتھ پھولوں کے ہار پہنا کر رخصت کیا۔