لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار
لاہور (92 نیوز) لاہور شہر میں برسنے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
لاہور شہر میں رات گئے چلنے والی ٹھنڈی ہواوں کے بعد صبح سویرے ہی آسماں پر کالے بادلوں نے ڈیرے جما لیے۔ پھر کہیں ہلکی تو کہیں کھل کر بادل برسے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ دن بھر وقفے وقفے کے ساتھ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں ہوا 27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد رہے گا۔ موسم خوشگوار ہوا تو گرمی کے ستائے شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔
ادھر گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور علی پور چھٹہ میں بھی بادل کھل کر برسے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ نارروال اور شکرگڑھ میں بھی برسنے والی بارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔