Monday, January 24, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

لاہور کے شہری ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر، 24گھنٹوں میں متعدد وارداتیں

لاہور کے شہری ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر، 24گھنٹوں میں متعدد وارداتیں
December 21, 2016

لاہور (92نیوز) لاہور میں ڈکیتی کی وارداتوں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا۔ اقبال ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکوؤں نے جوتوں کی دکان لوٹ لی تو ساندہ میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو بھاری رقم سے محروم کردیا گیا۔ گجرپورہ میں یوسی چیئرمین بھی ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے۔ شہری دن رات لٹتے رہے اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ اقبال ٹاؤن کے علاقے میں چار ڈاکو گاہک کے روپ میں جوتوں کی دکان میں داخل ہوئے اور دکانداروں کو یرغمال بنا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کا سامان اور نقدی لوٹ لی۔ ڈاکوؤں نے خاتون گاہک سے زیور بھی چھین لیا اور دکانداروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سی سی ٹی وی کیمرے ساتھ لے گئے۔

ساندہ کے علاقے میں بینک سے نقدی نکلوانے والے شہری سے ڈاکو نے پانچ لاکھ روپے چھین لئے جبکہ گجرپورہ میں یونین کونسل کے چیئرمین میاں شفقت کو ڈاکوؤں نے ان کے گھر کے باہر سے لوٹ لیا۔ پولیس نے دونوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج قبضے میں لیکر تفتیش شروع کردی۔

دوسری جانب ستوکتلہ کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ کوٹ لکھپت کے علاقے میں ڈاکووں کی فائرنگ سے قمر عباس نامی کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔

ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے پریشان شہریوں کا کہناہے کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے نوٹسز کے باوجود پولیس جرائم کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔