Saturday, July 27, 2024

لاہور کا مہنگا ترین فائیو سٹار پرل کانٹی نینٹل ہوٹل سکیورٹی میں زیرو سٹار

لاہور کا مہنگا ترین فائیو سٹار پرل کانٹی نینٹل ہوٹل سکیورٹی میں زیرو سٹار
July 31, 2016
لاہور (92نیوز) پچیس سالہ لڑکی رابعہ نصیر کی ہلاکت کے بعد نائنٹی ٹونیوز نے لاہور کے سب سے بڑے اور مہنگے پی سی ہوٹل کی سکیورٹی کا پول کھول دیا۔ تفصیلات کے مطابق پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں نوجوان لڑکی رابعہ نصیر کی ہلاکت نے کئی سوالوں کو جنم دیا۔ اسی سلسلے میں نائنٹی ٹو نیوز نے لاہور کے سب سے بڑے اور مہنگے پی سی ہوٹل کی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ ہوٹل میں داخل ہونے کے لیے بظاہر کئی سکیورٹی گارڈز تعینات اور چیکنگ کے آلات نصب ہیں لیکن کوئی بھی شخص آسانی کے ساتھ ہوٹل میں اسلحہ لے کر جا سکتا ہے۔ سکیورٹی کے حوالے سے بنائی جانے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی سی ہوٹل کے مرکزی دروازے سے داخل ہونے والی گاڑیوں کو مکمل طور پر چیک نہیں کیا جاتا۔ گاڑی پارک کرنے کے بعد کوئی بھی شخص باآسانی واک تھروگیٹ سے ہوتا ہوا اسلحہ لیکر ہوٹل کے اندر جا سکتا ہے۔ رابعہ نصیر اسی ہوٹل میں رکشا میں سوار ہو کر عقبی دروازے سے داخل ہوئی تھی۔ پی سی ہوٹل کے واش روم سمیت کسی بھی جگہ پرجانا آسان ہے۔ رابعہ نصیر کی پراسرار ہلاکت کے بعد پی سی ہوٹل کی انتظامیہ نے اس کی لاش کو خود ہی اسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس کو اطلاع دینا بھی گوارا نہ کیا۔ رابعہ نصیر کی ہلاکت کے معاملے پر اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی تھی جبکہ لاش اسپتال منتقل کیے جانے پر کئی شواہد ضائع ہونے کا بھی امکان ہے۔