Friday, January 21, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

لاہور :پولیس مقابلہ، چار ڈاکو ہلاک

لاہور :پولیس مقابلہ، چار ڈاکو ہلاک
July 26, 2017

لاہور (92 نیوز) لاہور میں گھر میں گھس کر لوٹ مار کرنے والے چار ڈاکو پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔ گولیاں لگنے سے 14 سالہ لڑکا زخمی ہوگیا۔

شادمان میں چار ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک گھر میں گھس گئے، اہلخانہ کو ایک کمرے میں بند کیا اور لوٹ مار شروع کر دی۔ فرار ہونے لگے تو گلی میں موجود سکیورٹی گارڈ سے سامنا ہو گیا۔ گارڈ نے فائرنگ کی تو ڈاکو واپس اسی گھر میں جا گھسے، اسی دوران سی آئی اے پولیس بھی پہنچ گئی اور گھر کو گھیرے میں لے لیا۔

بھاگنے کا راستہ نہ ملا تو ڈاکووں نے اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا، پھر بھی بھاگ نہ پائے تو اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے 14 سالہ لڑکا زخمی ہوگیا، جبکہ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گھروں کوبھی نقصان پہنچا۔ پولیس نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ دو گھنٹے تک جاری رہا جس میں چاروں ڈاکو مارے گئے۔

اہلخانہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ڈاکو چھ تھے جس پر پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کیا مگر کوئی گرفتاری نہ ہوسکی۔

پولیس نے اسلحہ قبضے میں لے کر چاروں ڈاکووں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دیں۔ پولیس کے مطابق ڈاکووں کی ماڈل ٹاون ڈویژن میں ایک ہفتے میں یہ تیسری واردات تھی۔

لاہور کے علاقے شادمان میں مارے گئے ڈاکو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق  ڈاکوؤں نے ماڈل ٹاؤن میں ایک ہفتے میں تیسری واردات کی۔ ڈاکو گاڑی پر جاتے اور گھروں میں گھس کر وارداتیں کرتے تھے۔ ڈاکو واردات کے دوران فنگرپرنٹس نہیں چھوڑتے تھے۔