Saturday, July 27, 2024

لاہور: ٹریفک وارڈن کا انوکھا چالان

لاہور: ٹریفک وارڈن کا انوکھا چالان
February 28, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور کے علاقے وحدت روڈ پر ٹریفک وارڈن خرم نے شہری شعیب کا چالان کر دیا اور شہری کے نام کی جگہ انسان اور والد کے نام کی جگہ جانور لکھ دیا جس کی خبر نائنٹی ٹو نیوز پر نشر ہوئی۔ چیف ٹریفک پولیس آفیسر نے نائنٹی نیوز کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے شہری کی عزت نفس پر حملہ کرنے والے ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا اور واقعے کی انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے۔ شہریوں پر تشدد کے معاملے میں پڑھی لکھی ٹریفک پولیس نے پنجاب پولیس کو بھی مات دے دی ہے۔ ٹریفک وارڈنز اور شہریوں کے درمیان جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات دیکھنے میں آئے ہیں جن میں دو دن پہلے فیصل آباد میں ٹریفک وارڈن نے رکشہ ڈرائیور اسد سے جھگڑا ہونے پر اس کا سر پھاڑ دیا تھا۔ اس کا قصور صرف اتنا تھا کہ رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک وارڈن سے بحث کی تھی۔ ملتان میں خاتون ٹریفک وارڈن کو جب سڑک پر کوئی نہ ملا تو گھر میں دس سالہ ملازم پر وحشیانہ تشدد کر ڈالا۔ گزشتہ برس لاہور میں ٹریفک وارڈن نے خاتون ٹیچر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر طلبہ نے احتجاج بھی کیا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان واقعات کی روک تھام کے لیے ٹریفک وارڈنز کو معطل کرنا کافی نہیں بلکہ سزائیں دینے سے ان واقعات میں کمی ہو گی۔