Friday, September 30, 2022

لاہور، نارووال، گوجرانوالہ اور دیگر علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور، نارووال، گوجرانوالہ اور دیگر علاقوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
لاہور (92 نیوز) لاہور، نارووال، گوجرانوالہ اور دیگر علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، صوبائی دارالحکومت میں صبح سویرے کالی گھٹاؤں نے دن میں رات کا سماں بنا دیا۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا! صوبائی درالحکومت لاہور میں علی الصبح ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ گلبرگ،گارڈن ٹاؤن،مسلم ٹاؤن، جیل روڈ ، وحدت کالونی،ٹاؤن شپ اور دیگر علاقوں میں بادل برسے۔ نارووال میں بھی بادل جم کے برسے اور جل تھل ایک ہو گیا، بارش کے باعث بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقوں سے بجلی غائب ہو گئی۔ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گوجرانوالہ میں بھی ابر رحمت نے گرمی اور حبس کی چھٹی کرا دی، کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں سے قدرت کا ہر رنگ نکھر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے متعدد علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔