لاہور: (92 نیوز) صوبائی دارلحکومت میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے، فائرنگ کے دوران ایک خاتون، ایس ایچ او گرین ٹاؤن خرم شہزاد اور کانسٹیبل زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق ملزمان بینک لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
صوبائی دارالحکومت لاہورمیں 4 ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیے گئے، پولیس کے مطابق لاہورکے علاقے گرین ٹاؤن میں پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہوا، ڈاکوؤں کا گروہ گرین ٹاؤن میں گھر کرائے پر لیکر رہائش پذیر تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد تنظیم بی ایل اے نے کوئٹہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی
پولیس نے گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلہ کے دوران 4 ڈاکو ہلاک اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او گرین ٹاؤن خرم شہزاد اور کانسٹیبل بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ہلاک ملزم بینک لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردیا۔