Saturday, July 27, 2024

لاہور میں جعلی پولیس مقابلوں کیلئے مشہور سابق انسپکٹر عابد باکسر دبئی سے گرفتار

لاہور میں جعلی پولیس مقابلوں کیلئے مشہور سابق انسپکٹر عابد باکسر دبئی سے گرفتار
February 8, 2018

دبئی (92 نیوز) لاہور میں جعلی پولیس مقابلوں کے لئے مشہور سابق انسپکٹرعابد باکسر کو انٹر پول نے دبئی سے گرفتار کر لیا ۔
بدنام زمانہ انکاؤنٹر اسپشلسٹ سابق انسپکٹر عابد باکسر 11 سال بعد قانون کی گرفت میں آہی گیا ۔ عابد باکسر جعلی پولیس مقابلے کرنے کے حوالے سے پنجاب میں مشہور تھا ۔
پولیس کے مطابق گزشتہ رات عابد باکسر ملائیشیا سے دبئی ایئر پورٹ پہنچا تو انٹر پول نے اس کی تصویر اور اشتہاریوں کی فہرست میں نام کی موجودگی کی تصد یق ہونے پر گرفتار کر کے دبئی پولیس کے حو الے کر دیا جیسے آئندہ چند روز میں پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا ۔
پنجاب حکومت نے عابد باکسر کی گرفتاری کیلئے انعامی رقم بھی مقرر کر رکھی تھی ۔ بدنام زمانہ عابد باکسر کے سر کی قیمت تین لاکھ روپے مقرر تھی ۔
عابد باکسر میڈیا پر اس وقت منظر عام پر آیا جب اس نے معروف ادکارہ نر گس کا سر مو نڈا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا ۔
یہ وہی سابق انسپکٹر عابد باکسر ہے جو سٹوڈنٹ لیڈر طاہر پرنس ، بچہ گارڈن ،اداکارہ ماروی قتل اور کئی مبینہ جعلی مقابلوں میں ملوث بھی ہے ۔
2007میں لاہور میں بریگیڈیئر نسیم شریف کو قتل کرانے اور ان کی اربوں روپے کی جائیداد ہتھیانے کے مقدمہ میں عابد باکسر ، اس کا ماموں ظفر عباس ، ماموں زاد بھائی ندیم عباس اور علی عباس المعروف علی باکسر ملوث تھے جس کے بعد وہ ملک چھوڑ کر فرار ہو گیا اور اشتہاری ہونے پراس وقت کے آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر نے اسے نوکری سے برخاست کر دیا تھا ۔
2014 میں باہر سے عابد باکسر نے ایک نجی چینل کو انٹرویو میں ہوش ربا انکشافات کئے تھے جس میں ان نے حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا تھا کہ کس طرح وقت کے حکمرانوں نے اس کے ذریعے جعلی پولیس مقابلوں کی آڑ میں قتل کرائے ۔
عابد باکسر کو چند روز میں پاکستان منتقل کر دیا جائے گا جہاں تفتیش کے دوران مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے ۔
اس کے علاوہ عابد باکسر سمن آباد میں کیبل آپریٹر کے قتل میں نامزد ہے ۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں دیگر کئی مقدمات درج ہیں ۔ عابد باکسر نے کئی مبینہ جعلی پولیس مقابلے بھی کئے ۔