Tuesday, February 7, 2023

لاہور میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا

لاہور میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا
لاہور (92 نیوز) لاہور میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، رات گئے سے شروع ہونے والی بوندا باندی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں مزید بارش برسنے کا امکان ہے۔ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پری مون سون سیز کا آغاز ہو گیا، رات گئے سے وقفے وقفے کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ لاہور کے علاقہ کلمہ چوک،گارڈن ٹاؤن ، مسلم ٹاؤن،جیل روڈ،مال روڈ،کینال روڈ اور دیگر علاقوں میں بوندا باندی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں شہر میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ مزید بارش برسنے کا بھی امکان ہے۔ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت پچیس ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ سینتیس ڈگری سینٹی رہنے کا امکان ہے۔ ہوا سولہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جس میں نمی کا تناسب نوے فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نارووال میں بھی رم جھم جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔