Friday, September 30, 2022

لاہور: ماڈل ٹاؤن میں عاشقانِ رسول ﷺ نے مشعل بردار ریلی نکالی

لاہور: ماڈل ٹاؤن میں عاشقانِ رسول ﷺ نے مشعل بردار ریلی نکالی

لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں عیدِ میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں عاشقانِ رسول ﷺ نےمشعل بردار ریلی نکالی۔ ریلی میں آتش بازی کے دلفریب مظاہرے نے بھی سماں باندھ دیا۔
آقائے دو جہاں ﷺ کی آمد کی خوشی ہر کوئی اپنے انداز میں مناتا ہے۔ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں شمعِ رسالت ﷺ کے پروانوں نے مشعل بردار ریلی نکال کر خاتم الانبیاء سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔
ریلی میں خاص طور پر سجائے گئے اونٹ اور بگھیاں بھی لائی گئی تھیں جبکہ بینڈ باجے کی دھنوں پر گھوڑوں کے رقص نے تو سماں باندھ دیا۔
ریلی کے شرکاء کا مختلف مقامات پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا گیا۔
رات گئے آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے عید میلاد النبیﷺ کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ اس موقع پر 400 پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا اور شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا جبکہ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی ریلی میں شرکت کی۔