لاہور : مال روڈ پر ٹریفک وارڈن نے بزرگ سرکاری ملازم کو تشدد کا نشانہ بناڈالا

لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور کی مصروف شاہراہ مال روڈپر وارڈن گردی کی ایک اور مثال قائم ہوگئی ،موٹرسائیکل کے کاغذات بروقت نہ دکھانے پر معمرسرکاری ملازم حسن محمد کو وارڈن نے تشدد کا نشانہ بناڈلا جبکہ اس موقع پر ڈولفن فورس کےاہلکاربھی انسانی ہمدردی دکھانےکی بجائے وارڈن کےساتھی بن گئے ۔
تفصیلات کےمطابق مال روڈپرتعینات ٹریفک وارڈن نے بزرگ شہری حسن محمدکواس وقت تشددکانشانہ بناڈالاجب انہوں نے موٹرسائیکل کے کاغذات دکھانے میں تاخیر کی ۔ وارڈن کی جانب سے تشددکےوقت موقع پر موجودڈولفن فورس بھی حصہ دار بن گئی جس کے ایک اہلکارنے بزرگ شہری کوجکڑلیااوردوسرےنے موقع کافائدہ اٹھاتےہوئے خوب ہاتھ صاف کیے۔
پولیس کواندراج مقدمہ کی درخواست دینے پروہاں سے بھی کوئی شنوائی نہ ہوئی ،الٹامیڈیکل کے نام پر پنجاب یونیورسٹی اولڈکیمپس میں ملازم حسن محمدکوٹرخادیاگیا۔
ادھر پولیس کاکہناہے کہ میڈیکل کے بعدہی کوئی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ دوسری طرف میڈیاپرخبرنشرہونے کے بعدآئی جی پنجاب نے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے سی ٹی اوسے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔