Saturday, July 27, 2024

لاہور مال روڈ پر جلسے کیلئے پی ٹی آئی کی تیاریاں عروج پر

لاہور مال روڈ پر جلسے کیلئے پی ٹی آئی کی تیاریاں عروج پر
April 30, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ سارا دن انتظامات کاجائزہ لینے کےلئے قائدین کی آمدورفت کاسلسلہ جاری رہا۔ عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے نیم رضامندی ظاہر کر دی ہے‘ باضابطہ اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور میں جلسے کی تیاریوں کا سلسلہ زوروشورسے جاری ہے۔ ڈی جے بٹ کی جگہ میوزک کا تڑکا لگانے کےلئے آنے والے ڈی جے ولی نے بھی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس حوالے سے شیر میانداد کے بھائی قیصر ندیم نے نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو میں اپنا نیا ترانہ بھی گنگنایا۔ جلسے کے انتظامات دیکھنے کےلئے خواتین کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انصافیئن خواتین نے چہروں پر پارٹی پرچم بنوا کر نیا ٹرینڈ متعارف کرایا۔ جلسے میں ڈانس کے رنگ دکھانے کےلئے ماموں پاکستانی بھی کراچی سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ جلسے کے آرگنائزر عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ مقدمات سے نہیں ڈرتے، پہلے نو ہیں اب دس ہوگئے تو بھی کوئی پروا نہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی میاں اسلم اقبال اور شعیب صدیقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس انتظامیہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سکیورٹی کےلئے واک تھرو گیٹس‘ داخلی راستوں پر باقاعدہ چیکنگ ہو گی۔ جلسے کے انتظامات دیکھنے کےلئے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی چیئرنگ کراس آتی رہی۔