Saturday, July 27, 2024

لاہور قلندرز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو تریسٹھ رنز سے شکست، عمر اکمل شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار

لاہور قلندرز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو تریسٹھ رنز سے شکست، عمر اکمل شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار
February 9, 2016
دبئی (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور قلندرز نے بھی دو شکستوں کے بعد جیت کا  ذائقہ چکھ لیا۔  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نہ صرف تریسٹھ رنز سے شکست دے دی بلکہ ایونٹ کا سب سے بڑا اسکور کرنے والی ٹیم بھی بن گئی۔ عمر اکمل شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو شائقین یہی توقع کر رہے تھے کہ پہلے میچوں کی طرح اس بار بھی جیت اسی کا مقدر ہو گی۔ دوسری طرف لاہور قلندرز کی ٹیم بڑے قلندر کرس گیل کے بغیر میدان میں اتری تو شائقین کو کپتان اظہر علی کے اس فیصلے پر حیرت بھی ہوئی اور مایوسی بھی۔  چھکے چوکے دیکھنے کے شوقین مداحوں کو لاہور کی شکست یقینی نظر آنے لگی۔ میچ شروع ہوا تو چمتکار ہو گیا، پہلے اظہر علی اور کیمرون ڈیلپورٹ کی جوڑی میں باسٹھ رنز کی عمدہ شراکت ہوئی۔ اظہر علی آؤٹ ہوئے تو عمر اکمل میدان میں آئے جنہوں نے آتے ہی اگلی پچھلی ساری کسریں نکال دیں۔ صرف چالیس گیندوں پر آٹھ چھکوں اور چھے چوکوں کی مدد سے  شاندار ترانوے رنز جوڑ کر لاہور قلندر کو ایونٹ کا پہلا بڑا اسکور کرنے والی ٹیم بنا دیا۔ اس میچ سے قبل ناقابل شکست سمجھی جانے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں ساڑھے تین اوور پہلے ہی صرف ایک سو اکتیس رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد نواز بیالیس اور کپتان سرفراز احمد اکتیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ لاہور کے ظفر گوہر چار اور اجنتھا مینڈس تین وکٹوں کے ساتھ کامیاب باؤلر رہے۔