Wednesday, December 1, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی
February 22, 2021

کراچی ( ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیزن 6 کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں ، ایونٹ کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9وکٹوں سے شکست دیدی۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ ، لاہور قلندرز نے 179 رنز کا ہدف انیسویں اوور کی دوسری گیند پر  صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اوپنر فخر زمان نے  ناقابل شکست 82 رنز کی اننگز کھیلی ، ٹاپ آرڈر محمد حفیظ نے 33 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔

لاہور   قلندرز کی دعوت پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  نے پہلے بلے بازی کی ، کوئٹہ  کی جانب سے  آغاز اچھا نہ کیا جا سکا اور اوپنر ٹام بینٹن دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر چار اسکور بنا کر حارث رؤف کا شکار ہو گئے ، ان کا کیچ احمد دانیال نے تھاما۔

اوپنر صائم ایوب بھی صرف 3 رنز بنا کر چلتے بنے ، وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سہیل اختر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں کرس گیل اور کپتان سرفراز احمد  نے  اپنی ٹیم کو مضبوط سہارا دیا  اور 101 رنز بنائے ، جہاں  کپتان سرفراز احمد  33 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیپر کو کیچ تھما بیٹھے ۔

اگلے ہی اوور کی تیسری گیند پر  کرس گیل کلین بولڈ ہو گئے ، انہوں نے 40 گیندوں پر 5 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے ۔

اعظم خان نے 9 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز بنائے ۔ محمد نواز نے 19 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31 رنز بنائے  اور ناقابل شکست رہے ۔ بین کٹنگ نے 5 رنز بنائے ۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے چار اوورز میں 38 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں ، شاہین شاہ آفریدی ، احمد دانیال اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

179 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے  ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اپنایا  ، پہلے اوور میں 5 ، دوسرے میں 10،تیسرے میں 3، چوتھے میں 11، پانچویں میں 7، چھٹے میں 12،ساتویں میں 10 رنز بنائے ۔

لاہور قلندرز نے 8ویں اوور میں صرف تین رنز بنائے  جبکہ نویں اوور کی چوتھی گیند پر  کپتان سہیل اختر  21 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔

64 رنز پر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد اوپنر فخر زمان اور ٹاپ آرڈر محمد حفیظ نے  115 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم کی ۔ نویں اوور میں وکٹ گرنے کے بعد قلندرز نے دسویں اوور کو محتاط انداز میں کھیلا لیکن گیارہویں اوور  میں دو چھکے لگا کر  پریشر کو توڑ دیا ، اس اوور میں 15 رنز حاصل کئے ۔

بارہویں اوور میں 7،تیرہویں میں 10، جبکہ چودھویں اوور میں ایک  نوبال پر چھکے  اور دو چوکوں کی مدد سے 19 رنز حاصل کئے گئے ۔پندرہویں اوور میں قلندرز نے  ایک چھکے کی مدد سے 11، سولہویں اوور میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز بنائے ۔

سترہویں اوور میں 6 ،جبکہ اٹھارہویں اوور میں ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے ۔انیس ویں اوور کی دوسری گیند پر  حفیظ نے چوکا لگا کر  لاہور قلندرز کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

95 منٹ تک کریز پر موجود رہ کر 52 گیندوں پر دو چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنا کر ناقابل شکست رہنے والے فخر زمان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

کوئٹہ کی جانب سے صرف زاہد محمود ایک وکٹ حاصل کر سکے جبکہ  عثمان شنواری 4 اوورز میں  47 رنز دیکر 11.75 کی اوسط سے مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ۔

محمد نواز نے دو اوورز میں 8، محمد حسنین نے 3.2 اوورز میں  31،انور علی نے 3 اوورز میں  33، بین کٹنگ نے 3 اوورز میں  31 رنز دیے ۔

اسکواڈ ز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں ٹام بینٹن ، صائم ایوب ، کرس گیل ، کپتان سرفراز احمد ، اعظم خان ، محمد نواز ، بین کٹنگ ، انور علی ، عثمان شناوری محمد حارث  اور زاہد محمود شامل تھے ۔

لاہور

لاہور قلندرز کی ٹیم میں کپتان سہیل اختر ، فخر زمان ، آغا سلمان ، محمد حفیظ ،بین ڈنک ، سمٹ پاٹیل ، ڈیوڈ وائس ، راشد خان ، احمد دانیال ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث ڑؤف شامل تھے۔