Saturday, July 27, 2024

لاہور سے مزید چار بچے اُٹھا لیے گئے‘ پولیس غفلت کی چادر تان کر سوئی رہی

لاہور سے مزید چار بچے اُٹھا لیے گئے‘ پولیس غفلت کی چادر تان کر سوئی رہی
August 2, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے تین بچوں اور ایک سترہ سال کی لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اغوا کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے بچوں کی بازیابی کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر لاہور میں اغوا کے واقعات نے والدین کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ تھانہ سبزہ زار کے علاقے پیکو روڈ پر نامعلوم کار سوار سترہ سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کر کے لے گئے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر کوئی کارروائی نہ کی جس پر لڑکی کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد مشتعل ہو کر سڑک پر نکل آئی اور پولیس کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا۔ اغوا کا دوسرا واقعہ شالیمار کے علاقے میں پیش آیا جہاں بھوگیوال کے رہائشی محسن کا بارہ سالہ بیٹا اظہر حسین گھر سے بازار گیا لیکن واپس نہ آیا۔ تیسرے واقعے میں مغلپورہ کے رہائشی دو دوست مزمل اور اسد گھر سے موبائل خریدنے کے لیے مارکیٹ گئے لیکن واپس نہ آئے۔ پولیس نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف تھانوں میں مقدمات تو درج کرلئے لیکن تاحال کسی کا بھی کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں کی گمشدگی پر نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا حکم دے دیا۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایسے علاقوں کی سخت نگرانی کی جائے جہاں زیادہ بچے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔