لاہور دھماکے میں را اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کا انکشاف
لاہور (92 نیوز) لاہور دھماکے میں را اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہو گیا۔ بھارت کے مذموم ارادے ایک بار پھر کھل کر دنیا کے سامنے آگئے۔
پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے را اور این ڈی ایس کا گٹھ جوڑ شروع ہو گیا۔ بھارت نے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں شروع کرا دیں۔ لاہور دھماکے میں را اور این ڈی ایس کے ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ پاکستان بھارت کی دہشتگرد کارروائیوں سے متعلق سوالات ایک عرصے سے اٹھاتا آرہا ہے۔ ملک کی خفیہ ایجنسیوں نے کئی بار ثبوت دنیا کے سامنے بھی رکھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور وزیر خارجہ را اور این ڈی ایس کے گٹھ جوڑ کو ڈوزیئر کی شکل میں بے نقاب بھی کر چکے ہیں۔
بلوچستان ، قبائلی اضلاع اور لائن آف کنٹرول پر مسلسل ناکامی کے بعد را اور این ڈی ایس کی بے چینی مزید بڑ گئی۔ پاکستان میں امن اور ترقی دُشمن کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی۔ خفیہ ایجنسیوں نے ایک بار پھر مذموم عزائم کا سراغ لگا لیا۔ سلیپرز سیل کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں کی ناکام کوشش کی گئی۔ پاکستان کی خفیہ ایجنسی مکمل طور پر چوکنا اور دشمن ایجنسیوں کے منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔
پاکستان کی سکیورٹی مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ دشمن کا کوئی منصوبہ کسی صورت کامیاب نہیں ہو گا۔ سوال یہ ہے کہ کیا بین الاقوامی ادارے بھارت کو کٹہرے میں لائیں گے؟ کیا اب بھی پاکستان کو ہی مورد الزام ٹھہرایا جاتا رہے گا؟