Saturday, July 27, 2024

لاہور : دو بھائیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر لواحقین کا لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج

لاہور : دو بھائیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر لواحقین کا لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج
February 9, 2016
لاہور(92نیوز)لاہور میں دو گروپوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو سگے بھائیوں کے لواحقین لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کرتے رہے جبکہ ایس پی اقبال ٹاؤن نے مظاہرین کی طرف دیکھنا بھی گوارا نہ کیااور سرکاری جیپ میں بیٹھ کر فون پر محو گفتگو رہے جس پر پولیس کے اعلیٰ افسران کو مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچنا پڑا۔ تفصیلات کےمطابق لاہور کے علاقے سمن آباد میں چند روز قبل دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے تھے ایک بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا بھائی بھی اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا لواحقین نے ملزموں کی عدم گرفتاری پر قرطبہ چوک میں لاش رکھ کر اقبال ٹاؤن ڈویژن پولیس کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے روڈ بلاک کر دی۔ ایس پی اقبال ٹاؤن مظاہرین سے نمٹنے کے لیے قرطبہ چوک پہنچے لیکن جیپ میں فون پر مصروف رہے میڈیا کو دیکھا تو چاروناچار گاڑی سے نکل کر دبنگ انداز میں چہل قدمی کرتے رہےپولیس افسر نے دو بچوں کی موت کا غم اٹھانے والوں کودلاسہ دینا بھی گوارا نہ کیا۔ مظاہرین کی جانب سے اقبال ٹاؤن ڈویژن پولیس پر عدم اعتماد کی وجہ سے پولیس حکام نے کیس سی آئی اے پولیس کے سپرد کرتے ہوئے ملزموں کی جلد از جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کر دیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر اقبال مظاہرین سے پہلے مذاکرات کرتے تو جہاں احتجاج فوری ختم ہو جاتا وہاں شہریوں کو ٹریفک کے باعث پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔