Monday, February 6, 2023

دوستوں کے سامنے رقص سے انکار پر شوہر کا بیوی پر تشدد، بال مونڈ دیے ‏

دوستوں کے سامنے رقص سے انکار پر شوہر کا بیوی پر تشدد، بال مونڈ دیے ‏

لاہور ( 92 نیوز) لاہور میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں دوستوں کے سامنے رقص سے انکار پر شوہر نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور سر کے بال بھی مونڈ دیے۔

متاثرہ خاتون کی درخواست پر تھانہ کاہنہ میں شوہر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ وزیرمملکت داخلہ شہریار آفریدی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔

متاثرہ اسما عزیز نے 4 سال قبل  فیصل سے پسند کی شادی کی تھی ،جنونی شخص نے اخلاقیات کا پاس رکھا نہ انسانیت کا اور دوستوں کے سامنے رقص سے انکار کرنے پر بیوی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ۔

متاثرہ خاتون کے مطابق شوہر نے ملازموں کے سامنے سر کے بال کاٹ دیے اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

اسما بی بی نے پولیس پر بھی رشوت کا الزام لگایا اور کہا شوہر کے خلاف فریاد لے کر تھانے گئی تو  پولیس والوں نے پیسے مانگے،میڈیکل کروانے کیلئے بھی رقم کا مطالبہ کیا گیا۔

اسما اور فیصل نے چار سال قبل پسند کی شادی کی تھی،تھانہ کاہنہ پولیس نے خاتون کی درخواست پر شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے خاتون پر مبینہ تشدد کا نوٹس لے لیا، آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو واقعہ کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزموں کے خلاف فوری ایکشن اور معاملے  کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی بھی ہدایت کردی۔