Thursday, September 19, 2024

لاہور: انسداد دہشتگردی کمانڈوز کی 24ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ، ہنگامی حالات میں کارروائیوں کا عملی مظاہرہ

لاہور: انسداد دہشتگردی کمانڈوز کی 24ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ، ہنگامی حالات میں کارروائیوں کا عملی مظاہرہ
April 1, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور میں پاکستان رینجرز پنجاب کے زیراہتمام اینٹی ٹیررسٹ کمانڈو کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس میں کمانڈوز نے دہشت گردی کی کارروائیوں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کا شاندار عملی مظاہرہ بھی کیا۔ رینجرز بیٹل اسکول رکھ ٹیڑہ میں اینٹی ٹیررسٹ کمانڈوز کی چوبیسویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈی جی رینجرز پنجاب عمر فاروق برکی سمیت رینجرز کے اعلیٰ افسران اور مختلف سکولوں کے بچوں نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور بہت جلد ملک سے ان کا خاتمہ بھی کر دیا جائے گا۔ پاس آؤٹ ہونے والے کمانڈوز نے کمپاؤنڈ میں چھپے دہشت گردوں کو مارنے اور دو گھنٹے تک زمین میں اسلحہ سمیت چھپے رہنے کے بعد دشمن پر حملہ کرنے کا شاندار عملی مظاہرہ بھی کیا۔ کمانڈوز نے زخمی ساتھیوں کو ایک بلند عمارت سے دوسری عمارت پر رسی کی مدد سے منتقل کر کے سب کو حیران کر دیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں دو سب انسپکٹرز اور دو اے ایس آئی سمیت چھیاسی اہلکار پاس آؤٹ ہوئے جبکہ بہتر کارکردگی دکھانے والے جوانوں کو کورکمانڈر لاہور نے انعامات سے بھی نوازا۔