Friday, October 22, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

لاڑکانہ: تئیس جوڑوں کی اجتماعی شادی، پیپلزپارٹی کے مقامی رہنمائوں کی شرکت، ڈھول کی تھاپ پر رقص

لاڑکانہ: تئیس جوڑوں کی اجتماعی شادی، پیپلزپارٹی کے مقامی رہنمائوں کی شرکت، ڈھول کی تھاپ پر رقص
May 29, 2015
لاڑکانہ (نائنٹی ٹو نیوز) لاڑکانہ میں عشر وزکوٰۃ کمیٹی کی جانب سے مقامی شادی ہال میں تئیس جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں سینیئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب میں دلہنوں اور دولہوں کا نکاح ہوا جس کے بعد وہ میاں بیوی کے بندھن میں بندھ گئے۔ اس موقع پر دلہنوں کا میک اپ کر کے انہیں خوب سجایا گیا تھا جب کہ دلہنیں اور دولہے شادی کے روایتی لباس میں خوبصورت لگ رہے تھے۔ صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے دولہوں کو سندھی اجرک اور ٹوپیاں جبکہ دولہنوں کو لال دوپٹے پہنائے اور انہیں زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر مبارک باد دی۔ تقریب میں ڈھول کی تھاپ پر سہرے بھی گائے گئے اور رقص کیا گیا جنہیں تقریب میں شرکت کرنے والے باراتیوں کی بڑی تعداد نے پسند کیا۔ شادی کے موقع پر دلہنوں اور دولہوں نے بھرپور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غریب ہیں تاہم اتنی بڑی تقریب میں ان کی شادی ہونے پر وہ بہت خوش ہیں۔ تقریب کی آرگنائزر شیدہ بلوچ نے کہا کہ لاڑکانہ میں یہ پہلا موقع ہے جہاں پر اجتماعی شادیاں ہو رہی ہیں۔ پہلے لڑکے اور لڑکیاں اس کے لئے رضامند نہیں تھے البتہ ہماری کوششوں کے باعث وہ راضی ہو گئے۔ صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ حکومت سندھ کے ایسے کئی ادارے ہیں جو اس طرح کے کام کر کے لوگوں کو خوشیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہیز کی لعنت کے باعث کئی غریب والدین اپنی بیٹیوں کی شادیاں نہیں کر سکتے تھے جنہیں آج موقع دیا گیا۔ تقریب میں شادی کرنے والے جوڑوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کا جہیز بھی دیا گیا جبکہ باراتیوں کو کھانا کھلا کر ان کی خاطر تواضع بھی کی گئی۔
تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لیے فوری اطلاع کی اجازت دیں

آپ کسی بھی وقت دائیں طرف نیچے بیل آئیکن پر صرف ایک کلک کے ذریعے آسانی سے سبسکرائب کر سکتے ہیں۔