Saturday, July 27, 2024

لاڑکانہ اسپتال کی ویڈیو دیکھ کر شرم آرہی ہے، چیف جسٹس برہم

لاڑکانہ اسپتال کی ویڈیو دیکھ کر شرم آرہی ہے، چیف جسٹس برہم
March 31, 2018

 کراچی (92 نیوز) چیف جسٹس نے صحرائے تھر میں بچوں کی اموات پر محکمہ صحت کا قبلہ درست کر دیا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لاڑکانہ اسپتال کی ویڈیو دیکھ کر شرم آ گئی، بچہ داخل ہوا اور کچھ دیر بعد والدین کو لاش تھما دی گئی ۔

 سپریم کورٹ کراچی میں صحرائے تھر میں بچوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔

 انصاف کے اعلیٰ منصب پر فائز مسیحا بھوک، افلاس اور زندگی سے جنگ لڑتے تھر کے باشندوں کی داد رسی کو آ گیا ۔

دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ لاڑکانہ اسپتال کی ویڈیو دیکھ کر شرم آگئی، سوچ رہا ہوں لاڑکانہ جاوں ۔

 سیکرٹری صحت نے رپورٹ پیش کی کہ کم وزن سے بچوں کی اموات ہو رہی ہیں تو چیف نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ سے لگتا ہے آپ کا کوئی قصور ہی نہیں، سندھ میں صحت کے بہت سے مسائل ہیں، آپ کسی اور محکمے میں کیوں نہیں چلے جاتے ۔

 چیف جسٹس نے رضا ربانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے والدین کے بعد سرکاری اسپتالوں کے مرہون منت ہیں، بچہ اسپتال میں داخل ہوتا ہے،کچھ دیر بعد لاش تھما دی جاتی ہے،والدین کے پاس رونے کے سوا کچھ نہیں رہ جاتا، مجبورا مداخلت کرنا پڑتی ہے، آپ بھی لاڑکانہ اسپتال کی ویڈیو دیکھیں ۔

 ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ مٹھی میں بہترین اسپتال بنا دیا، تھر میں مفت گندم تقسیم کرتے ہیں، جس پر جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ جانتے ہیں کتنی گندم مفت تقسیم ہوئی، سب کرپشن کی نظر ہو گئی ۔