Thursday, October 6, 2022

لالی وڈ فلم ”مالک“ پر پابندی کیلئے اجلاس کرنے پر پنجاب سنسر بورڈ کو نوٹس جاری

لالی وڈ فلم ”مالک“ پر پابندی کیلئے اجلاس کرنے پر پنجاب سنسر بورڈ کو نوٹس جاری
لاہور (92نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستانی فلم ”مالک“ پر پابندی کیلئے اجلاس کرنے پر پنجاب سنسر بورڈ کو دو جون کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی متفرق درخواست پر سماعت کی جس میں فلم ”مالک“ پر پابندی کے سنسر بورڈ کے اجلاس کے انعقاد کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاءایڈووکیٹ نے بتایا کہ فلم ”مالک“ پر پابندی کے بارے میں پنجاب سنسر بورڈ کا اجلاس ہوا ہے جس میں فلم پر صوبائی سطح پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اجلاس کے انعقاد کا مقصد وفاقی حکومت کے فلم پر پابندی لگانے کے فیصلے کوتحفظ دینا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے وکیل نے کہا کہ پنجاب سنسر بورڈ کا اجلاس عدالتی کارروائی میں مداخلت ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ سنسر بورڈ کے اجلاس کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔