Saturday, July 27, 2024

قیادت کے بعد فاروق ستار سے پتنگ کا نشان بھی چھن جانے کا امکان

قیادت کے بعد فاروق ستار سے پتنگ کا نشان بھی چھن جانے کا امکان
February 12, 2018

کراچی ( 92 نیوز ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے دھڑوں میں قیادت کے بعد پتنگ کے نشان کی جنگ شروع ہو گئی ۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن میں پتنگ کے نشان کیلئے قانونی جنگ کا آغاز کردیا  جس کے بعد فاروق ستار سے پتنگ کا نشان بھی چھینے جانے کا امکان ہے ۔

متحدہ کی لڑائی  پر اب تک بات بن نہ پائی ۔ پتنگ اڑانے والوں نے اب ایک دوسرے کی پتنگ کاٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ قیادت کے بعد پارٹی نشان پر جنگ چھڑگئی ۔

فاروق ستار نے پارٹی الیکشن کی تیاریوں کیلئے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تو عامر خان گروپ نے پارٹی رجسٹریشن اور نشان کی تبدیلی کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست دیدی۔

رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی رجسٹریشن خالد مقبول صدیقی کے نام منتقل ہونے کا دعویٰ کردیا۔

بیرسٹر فروغ نسیم نے بہادرآباد میں شعلہ بیانی کی اور پی آئی بی کیمپ پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی فاروق ستار کے نام رجسٹرڈ نہیں، پارٹی آئین کے مطابق انہیں فارغ کیا گیا۔

دوسری جانب فاروق ستار نے پارٹی رجسٹریشن، سربراہی اور نشان پر قانونی ماہرین سے مشاورت کی ۔ مشاورت میں  الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط، اختیارات کی واپسی اور قانونی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا گیا۔

ادھر فاروق ستار کہتے ہیں کارکن نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں،پُر امن رہیں، گھروں میں بیٹھیں اور قیادت کے پیغام کا انتظار کریں۔

میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتخابی سیاست سے پیسے کو مائنس کردیا، ایسی ایم کیو ایم تشکیل دیں گے، جو بے مثال ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ ہر صورت نقصان ایم کیو ایم کا ہوگا، ایم کیو ایم کو کسی تنازع کا شکار نہیں ہونا چاہیے ۔