Wednesday, December 7, 2022

قوم کی دعاؤں سے نوازشریف علاج کیلئے باہر گئے، حمزہ شہباز

قوم کی دعاؤں سے نوازشریف علاج کیلئے باہر گئے، حمزہ شہباز
لاہور (92 نیوز) قوم کی دعائوں سے نوازشریف علاج کیلئے باہر گئے ہیں، ن لیگ کے رہنماء حمزہ شہباز کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا حکومت کے جھوٹ کے سبز باغ عوام پر بجلی بن کر گر رہے ہیں، ہم معاشی اور سیاسی طور پرپوائنٹ آف نو ریٹرن کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 ماہ میں ہرطبقے کے لوگ معیشت کا رونا رو رہے ہیں، سبزیاں، پھل، اشیائے خورونوش کی قیمتیں 6 گنا بڑھ گئی ہیں۔ غریبوں سے پوچھیں چیزوں کا ریٹ کیا ہوگیا ہے۔ نالائقوں کا سد باب نہ کیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ ن لیگی رہنماءکا کہنا تھاحکومت نے موٹروے کا افتتاح کیا،وہ سی پیک منصوبے کا حصہ ہے، حکومت کی بے حسی، مہنگائی لوگوں کو منہ چڑاتی ہے۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بولے کہ آج کرپٹ لوگ آپ کے پاس دندناتے پھرتے ہیں، آپ نے لوگوں کو جیلوں میں بند کردیا، اسکے باوجود کارکردگی زیرو ہے، اپوزیشن نے پہلے دن ہی کہا تھا میثاق معیشت کرو۔ حمزہ شہباز مزید کہتے ہیں کہ کل چیف جسٹس نے جو کہا اس پر کچھ کہنا نہیں چاہتا، دوسروں پر ملبہ ڈالنے سےحکومت ذمے داریوں سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی۔