Saturday, July 27, 2024

قوم سے کئے گئے وعدے ہرصورت پورے کرینگے : نوازشریف

قوم سے کئے گئے وعدے ہرصورت پورے کرینگے : نوازشریف
August 12, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے لوڈشیڈنگ سے نجات کی جتنی فکر انہیں ہےاور کسی کو نہیں ۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نواز شریف نے توانائی منصوبوں کی تعمیری کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے دورے شروع کر دئیے ہیں،، نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کے معائنے کے موقع پر چئیرمین واپڈا ظفر محمود نے بریفنگ دی اور بتایا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی تعمیر آخری مراحل میں  ہے۔ منصوبے پر 85 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے،،رابطہ سڑکیں سپل ویز اور کوفر ڈیم کا کام مکمل ہو چکا ہے سرنگوں کی اسٹیل لائننگ کی جارہی ہے اور پاور ہاوس میں ٹربائینں نصب کرنے کا کام جاری ہے۔چئیرمین واپڈا نے وزیر اعظم کو بتایا کہ کچھ حادثاتی وجوہات کی بنا پر منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔ وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی تکمیل بروقت یقینی بنائی جائے۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ لوڈشیڈنگ سے متعلق قوم سے کیے گئے تمام دعوے پورے کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدراور وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف، پرویز رشید، برجیس طاہر اور معاون خصوصی آصف کرمانی بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے