Saturday, July 27, 2024

قوم اعتماد رکھے، دہشتگردوں کو بے رحمی سے ماریں گے: آرمی چیف

قوم اعتماد رکھے، دہشتگردوں کو بے رحمی سے ماریں گے: آرمی چیف
February 17, 2017

سیہون شریف (92نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں عوام کی حفاظت پاک فوج کا فرض ہے، قوم اپنی فوج پر اعتماد رکھے۔ چاہے کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کسی صورت ختم نہیں ہوں گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا اور انہیں بے رحمی کے ساتھ ہلاک کیا جائے گا۔ دہشت گردوں کے لیے کوئی معافی نہیں۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے افغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ جنرل جان نکولسن کو ٹیلی فون  کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امریکی جنرل سے پاکستان میں حملوں کے لئے افغان سرزمین استعمال ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے امریکی جنرل سے بات چیت میں کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر حملے وہ دہشت گرد تنظیمیں کرتی ہیں جن کی پناہ گاہیں افغانستان میں ہیں اور ان کی قیادت افغانستان میں بیٹھی ہے۔

آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ ہونا ہمارے صبر کا امتحان ہے۔ انہوں نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

آرمی چیف نے کہا امریکی افواج دہشت گردوں کی منصوبہ بندی روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امریکی جنرل کو افغان سفارتی حکام کو دی جانے والی دہشت گردوں کی لسٹ بارے بھی آگاہ کیا۔

امریکی جنرل نے دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور آرمی چیف کی تشویش پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔