Saturday, July 27, 2024

قوم آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کےساتھ منا رہی ہے

قوم آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کےساتھ منا رہی ہے
March 23, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) آج پوری قوم 78واں یوم پاکستان ملی جذبے اور جوش خروش سے منا رہی ہے اور ملک بھر میں تقریبات جاری ہیں۔ یوم پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز اکتیس اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21, 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ وفاقی دارالحکومت میں مرکزی تقریب اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں ہوئی جہاں پرچم کشائی اور توپوں کی سلامی کی تقریب ہوئی جس کے بعد بینڈ کی دھنوں پرشاندار فوجی پریڈ  ہوئی اور فوجی جوانوں کےنعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے لہو گرما گیا۔

آج کے دن کی مرکزی تقریب پریڈ ایونیو اسلام آباد میں شاندار فوجی پریڈ ہے جہاں مسلح افواج کے دستے مارچ کریں گے اور لڑاکا طیارے فضائی مظاہرہ پیش کرینگے۔

اس موقع پر مختلف علاقوں کی ثقافت پر مبنی فلوٹس کی نمائش بھی کی جائے گی۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین مہمان خصوصی ہوں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی تقریب میں موجود ہونگے۔

لاہور میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب محفوظ شہید گیریژن میں ہوئی اور اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

 

 

نمازِ فجر کے بعد تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا اور ملکی سلامتی ویکجہتی کیلئے دعا کی گئی۔

کراچی میں یوم پاکستان پر پاک بحریہ کی طرف سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

پشاور میں دن کا آغاز کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا اور پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔

سنگلاخ پہاڑوں کی سرزمین بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی دن کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور دفاع کیلئے عزم کیا گیا جبکہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔

شام کو ایوان صدر میں تقسیم اعزازت کی تقریب منعقد ہوگی جہاں صدر ممنون حسین مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازت اور تمغے دیں گے۔

اس سال مجموعی طور پر ایک سو اکتالیس پاکستانیوں اورغیرملکی شخصیات کو سول اعزازات دئیے جائیں گے، کیوبا کے سابق صدر ڈاکٹر فیدل کا سترو کو بعد از مرگ نشان پاکستان سے نوازا جائے گا جبکہ

انسانی حقوق کی علمبرد ار مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو پاکستانی شہریوں کیلئے بیلوث خدمات کے اعتراف میں بعد ازمرگ نشان امتیاز دیا جائیگا۔