Sunday, July 25, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
رجحان

قومی اسمبلی کا اجلاس ، بجلی کی ترسیل، تقسیم اور پیداوار کے آرڈیننس میں ایک سو بیس روز کی توسیع

قومی اسمبلی کا اجلاس ، بجلی کی ترسیل، تقسیم اور پیداوار کے آرڈیننس میں ایک سو بیس روز کی توسیع
July 16, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجلی کی ترسیل، تقسیم اور پیداوار کے آرڈیننس میں ایک سو بیس روز کی توسیع کر دی گئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا۔ اعلیٰ تعلیمی کمیشن ترمیمی آرڈیننس 2021 میں توسیع کی قرارداد منظور کی جس پر اپوزیشن نے احتجاج اور واک آوٹ کیا۔

اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ایوان صدر میں آرڈیننس کی فیکٹری لگی جہاں سے آرڈیننس جاری کیے جارہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ تقریباً 50 کے قریب آرڈیننس جاری کیے گئے ہیں۔ اس کا اثر عوام پر پڑے گا۔ دوسروں کو بلڈوز کر کے قانون سازی کی جا رہی ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایچ ای سی کے چیئرمین چار سال کے لیے آئے تھے۔ اگر ایچ ای سی کے چیئرمین کی مدت کم کر کے دوسال کر دی جائے تو اس کو ایوان میں لایا جائے۔

اپوزیشن نے حکومتی رویے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

توجہ دلاو نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری داخلہ شوکت علی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں نادرا کی طرف سے جعلی شناختی کارڈ بنائے پر 39 نادرا کے ملازمین کو معطل کیا گیا ہے۔ دس پر ایف آئی آر درج کی گیئں اور پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے اس معاملے کو متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ اقبال محمد علی اور انجینئر صابر قائم خانی نے کہا کہ یہ جعلی شناختی کارڈ کیسے بن گئے ہیں۔

وقفہ سوالات میں پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ نے بتایا کہ گردشی قرضوں کا سلسلہ 2007/8 میں شروع ہوا۔ کے الیکٹرک کا معاہدہ 2010 میں ہوا جو ابھی تک رینیو نہیں ہوا۔ اس وقت کے الیکٹرک کو ایک ہزار میگاواٹ دے رہے ہیں۔ ہماری حکومت ستانوے فیصد ریکوری کر رہی ہے۔ پچھلی حکومتوں میں ستاسی فیصد ریکوری تھی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں دو بار کورم کی نشاندہی کی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس میں سابق صدر ممنون حسین کے انتقال اور پسنی میں دو فوجی جوانوں کی شہادت پر دعائے مغفرت کی گئی۔