Saturday, July 27, 2024

قومی اسمبلی :اپوزیشن کو ٹرمپ کی مسلمان مخالف پالیسیوں کے خلاف قرارداد لانے کی اجازت نہ مل سکی

قومی اسمبلی :اپوزیشن کو ٹرمپ کی مسلمان مخالف پالیسیوں کے خلاف قرارداد لانے کی اجازت نہ مل سکی
February 1, 2017
اسلام آباد(92نیوز)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلمان مخالف پالیسیوں کے خلاف اپوزیشن کو قرارداد مذمت لانے سے روک دیا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے 62 ارب روپے کی اوور بلنگ پر ایم کیو ایم کے ارکان نے ایوان سے علامتی واک آئوٹ کیا۔ تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قرارداد پیش کرنے کی اجازت مانگی تو ڈپٹی اسپیکر نے قرارداد پیش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ قرارداد قواعد کے مطابق لائی جائے گی تو پیش کرنے دوں گا۔ اپوزیشن کی قرارداد میں ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کو متعصب اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ عالمی سطح پر نفرت اور دوریوں کا موجب بنے گا، حکومت عالمی سطح پر اس معاملے کو اٹھانے کیلئے اقدامات یقینی بنائے اور امریکہ کیساتھ دوطرفہ سطح پر بھی اس معاملے کو اٹھایا جائے۔ رکن پی ٹی آئی عارف علوی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی پالیسی کے خلاف دنیا میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، کم سے کم امریکی سفیر کو طلب کرکے اپنی بات کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالم اسلام کی اس موقع پر رہنمائی کرنی چاہئیے۔ ٹرمپ کی پالیسیوں سے امریکا کے حالات بھی خراب ہونگے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ نے کے الیکٹرک کی جانب سے اوور بلنگ کے خلاف علامتی واک آئوٹ کیا، رکن ایم کیو ایم ساجد احمد کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک ایک ایسا اژدھا بن چکا ہے جو کراچی کے عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔ کراچی کے عوام سے 62 ارب روپے اوور بلنگ کے ذریعے وصول کئے گئے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے الیکٹرک کے آگے بے بس ہے، کراچی کے عوام کو ان کی لوٹی ہوئی رقم واپس کی جائے۔ قومی اسمبلی نے بے نامی جائیداد رکھنے کے خلاف اہم بل منظور کر لیا، بل کے تحت اندرون اور بیرون ملک بے نامی جائیدادوں کا پتہ چلایا جاسکے گا اور انکے خلاف کارروائی کی جاسکے گی جبکہ بے نامی لین دین کا تدارک بھی کیا جا سکے گا۔ ایوان میں اہم قانون سازی کے دوران رکن اسمبلی جمشید دستی کی جانب سے کورم کی نشاندہی بھی کی گئی تاہم لابی میں موجود حکومتی ارکان کے ایوان میں آنے پر کورم پورا نکلا۔ قومی اسمبلی نے لیگل پریکٹشنرز اینڈ بارکونسل ترمیمی بل 2016، کمپنیوں میں قانونی مشیران کی تقرری ترمیمی بل 2016، دھماکہ خیز اشیاء ایکٹ ترمیمی بل 2016ء، شراکت محدود ذمہ داری بل 2016ء اور حقوق اطفال کمیشن بل کی بھی منظوری دے دی۔