قندوز حملہ ناقابل معافی ہے: اقوام متحدہ، تحقیقات کر رہے ہیں: اوباما
نیویارک (ویب ڈیسک) پنٹاگون نے امریکی فوج کی قندوز میں فضائی کارروائی کی تصدیق کردی ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ امریکہ قندوز حملے کی تحقیقات کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں امریکی فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فضائی حملے کامقصد شدت پسندوں کو نشانہ بنانا تھا۔ امریکی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ قندوز کے جس علاقے میں فضائی حملہ کیا وہاں پر عالمی طبی امداد کے ادارے کا ہسپتال تھا۔
اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے قندوز میں ہسپتال پر امریکی بمباری کو المناک، ناقابل معافی اور ممکنہ طور پر مجرمانہ فعل قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کے مندوب نے واقعے کی شفاف اورمکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی طبی امدادی ادارے ڈاکٹر ودآﺅٹ بارڈرز کے مطابق ہسپتال پر بمباری 30منٹ تک جاری رہی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور 39 افراد شدید زخمی ہوئے۔
امریکی صدرباراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ افغان شہر قندوز میں فضائی حملے کی مکمل تفتیش کر رہا ہے، حقائق سامنے آنے کے بعدہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔