قطری شہزادے کے خط سے یقین ہو گیا حکمران کرپٹ ہیں: اپوزیشن لیڈر
فیصل آباد (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے پاناما لیکس میں قطری شہزادے کےخط نے شبہات کو بڑھا دیا ہے۔ بلاول کے پارلیمنٹ میں نہ آنے سےجمہوریت پوری نہیں ہوتی جبکہ قمر زماں کائرہ کہتےہیں ن لیگ نے نوے کی دہائی کی سیاست شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایک بار پھر لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ فیصل آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنما کے انتقال پرتعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نوازشریف پر برس پڑے۔
ان کا کہنا تھا پاناما کیس میں قطری شہزادے کا خط کہاں سے آ گیا۔ اب انہیں یقین ہو گیا ہے کہ حکمران کرپشن میں ملوث ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر نوازشریف سچے ہیں تو پاناما بل پارلیمنٹ میں کیوں پیش کیوں نہیں کرتے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر شہید کا بیٹا پارلیمنٹ میں نہیں آئے گا تو پارلیمنٹ ادھوری رہے گی۔
پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرزماں کائرہ نے بھی ن لیگ کو کھری کھری سنا دیں اور کہا کہ حکمرانوں نے نوے کی دہائی کی سیاست شروع کر دی۔ پیپلز پارٹی اور نون لیگ ایک دوسرے پر بھرپور حملے کر رہے ہیں۔ اس لفظی جنگ کا فائدہ کس کو ہو گا یہ تو سیاسی رہنما ہی بہتر جانتے ہیں۔