Thursday, January 20, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

قطری شہزادوں کے شکار کے شوق نے غریب کاشتکاروں کی فصلیں اجاڑ دیں،لاکھوں کا نقصان

قطری شہزادوں کے شکار کے شوق نے غریب کاشتکاروں کی فصلیں اجاڑ دیں،لاکھوں کا نقصان
December 9, 2016

بھکر(92نیوز)قطری  شہزادے  کا خط تو  وزیر اعظم نواز شریف  کو بچانے کے لئےتھا لیکن اس کی قیمت عوام کو ادا کرنا پڑگئی۔تلورکے شکار میں مصروف  قطری  شہزادوں  نے بھکر میں کئی ایکڑ پر پھیلی  فصلوں کو تباہ کر دیا جبکہ فصلوں کی تباہی پر احتجاج کرنے والے کاشتکاروں کوپولیس نےلاٹھی چارج  کا نشانہ بناڈالا۔حالات بگڑنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے  کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تو انہوں نے احتجاج ختم کر دیا  ۔

تفصیلات کےمطابق قطری شہزادوں کا شوق پاکستانی عوام کے لئے وبال جان بن گیا ۔ تلور کے شکار کے دوران شہزادوں کی  بھاری بھرکم گاڑیوں  نے بھکر میں   سینکڑوں ایکڑ پر  پھیلی چنے کی فصلیں تباہ کر دیں  ۔ متاثرہ کاشتکار احتجاج کے لئے نکلے  تو پولیس نے لاٹھیاں تھام لیں۔

تلور کے شکار کے لئے  قطری  شہزادے  کئی روز سے بھکر میں خیمہ زن ہیں اور شاہی  شان و شوکت کے ساتھ جہاں  پرندوں کے شکار کا شوق پورا کیا جارہا ہے  وہیں  محنت سے  اگائی فصلیں بھی روندی جارہی ہیں جس کے خلاف  ماہنی گاوں  اور دیگر  علاقوں کے کاشتکار احتجاج کے لئے نکل پڑے  اور    حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔

  کاشتکاروں کو قطری شہزادوں کے  شوق کی راہ میں حائل ہوتے دیکھ کر پولیس   آپے  سے باہر ہوگئی اور مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کر دیا ۔ مظاہرین  نے شکار کے لئے قائم کی گئی خیمہ بستی کے گھیراؤ کی دھمکی دی توحالات بگڑتے دیکھ کر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر  مذاکرات کے لئے آئے اور  متاثرہ کسانوں کو  معاوضے کی  ادائیگی کا یقین دلایا جس پر مظاہرین  نے احتجاج ختم کر دیا۔